پاکستان

ملک بھر میں سی این جی سیکٹر بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں سی این جی سیکٹر یکم دسمبر سے 15 جنوری تک بند رہیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہمی کیلئے سی این جی اور کیپٹو پاور پلانٹس کی گیس بند کی جائے گی جبکہ کمیٹی نے سردیوں کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق موسم سرما میں پیٹرولیم ڈویژن میں گیس کی طلب اور سپلائی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کی گیس گھریلو صارفین کو منتقل کی جائے گی اور سی این جی سیکٹر کی گیس میں کٹوتی کی جائے گی۔واضح رہے کہ برآمدی صنعتوں اور کھاد کارخانوں کو بلا تعطل گیس فراہم ہوگی۔دوسری جانب وفاقی مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال مارچ تک گیس کے حوالے سے مسائل موجود رہیں گے، جو صنعتیں بجلی پیدا کرنے کیلئے گیس استعمال کر رہی ہیں انہیں گیس کی فراہمی منقطع نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں