کوڑا کرکٹ غیرقانونی ڈمپنگ کرنےوالی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب میں کوڑاکرکٹ غیرقانونی ڈمپنگ کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ صفائی کا خیال رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شہری صفائی کو بہتر بنانے میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں . تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کوڑا کرکٹ کی غیرقانونی ڈمپنگ کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے .

انہوں نے یہ ہدایت لاہور میں صفائی کے انتظامات اورایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی . چیف سیکرٹری نے کہا کہ وارننگ کے بعد غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے . انہوں نے کہا کہ صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شہری صفائی کو بہتر بنانے میں حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں . ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی . انہوں نے کہا کہ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے، صاف ستھرے ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے . انہوں نے کہا کہ سالڈویسٹ منیجمنٹ کمپنیاں اور متعلقہ ادارے شہروں کو صاف ستھرا رکھنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں . کمشنر لاہور نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی نے شہر کو صاف رکھنے کیلئے قلیل اور وسط مدتی پلان پر عمل شروع کر دیا ہے اور تمام ٹاؤنز میں زیرو ویسٹ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے . انہوں نے بتایا کہ شالیمار ٹاؤن سے 16 ہزار، راوی ٹاؤن سے 12ہزار ٹن، نشتر ٹاون سے14 ہزار، سمن آباد ٹاؤن سے 11 ہزار، گلبرگ ٹاؤن سے 8 ہزار، عزیز بھٹی ٹاؤن سے 8 ہزار، واہگہ ٹاؤن سے 14 ہزار، علامہ اقبال ٹاؤن سے 22 ہزار ٹن کچرا اٹھایا گیا . مستقل غیر حاضری پر ایل ڈبلیوایم سی کے 666 ملازمین کو بر طرف کیا گیا جبکہ ایک ہزار سینٹری ورکرز اور 171 ڈرائیور بھر تی کئے گئے . سموگ کی روک تھام کیلئے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے . اجلاس میں کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا، ڈی جی پی ایچ اے، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی . . .

متعلقہ خبریں