لاہور میں موجود 62 پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا سلسلہ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سمیت ملک میں کہاں کہاں پٹرول پمپ کھلے ہیں، اس حوالے سے پٹرولیم کمپنیوں نے فہرست جاری کر دی ہے . پاکستان اسٹیٹ آئل اور شیل کی جانب سے ملک بھر میں کمپنی کی زیر ملکیت کھولے گئے پٹرول پمپ کی فہرست جاری کی گئی ہے .

پاکستان اسٹیٹ آئل کی جاری کی گئی فہرست میں کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہیں . پی ایس او کی فہرست کے مطابق کلفٹن روڈ، عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب، خیابان اتحاد، کورنگی، مین کورنگی روڈ، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور کے ڈی اے ورکشاپ شارع فیصل پر واقع پٹرول پمپس پر پٹرول دستیاب ہے . جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے . ڈی سی لاہور عمر شیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہور میں موجود 62 پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے . ڈپٹی کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت، ایل ڈی اے اور نیم سرکاری اداروں کی ویلفئیر پمپس پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے . واضح رہے کہ گذشتہ رات گزشتہ رات سے پیٹرول بھروانے کے لیے پمپس کے باہر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی رہیں . پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کمیشن مارجن 3 سے 6 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے . پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیئےاس لیے آج سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے . ان کا کہنا تھا کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا . اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی آپریٹڈ ریٹیل سائٹ سےتیل کی فراہمی جاری رہے گی . جبکہ وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے . دوسری جانب ترجمان اوگرا کے مطابق صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں . ڈیلرز مارجن میں اضافے سے متعلق چند عناصر پٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تیل سپلائی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی . .

متعلقہ خبریں