پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 335 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ابتدائی پندرہ منٹ میں 335 پوائنٹس بڑھ گیا۔صبح 9 بجکر 45 منٹ پر انڈیکس 147829 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا جو گزشتہ سیشن کے 147494 پوائنٹس سے زیادہ تھا۔
بدھ کے روز اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان غالب رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 941 پوائنٹس کی کمی کے بعد 147494 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم میں بھی اضافہ ہوا اور 85 کروڑ 66 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ اس سے ایک دن قبل یہ تعداد 66 کروڑ 54 لاکھ تھی۔
کل مارکیٹ میں 477 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 129 کے نرخ بڑھے، 312 کے کم ہوئے جبکہ 36 کمپنیوں کے نرخ جوں کے توں رہے۔
کاروباری حجم میں سب سے آگے رہنے والی کمپنیوں میں پیس (پاکستان) لمیٹڈ 8 کروڑ 77 لاکھ سے زائد شیئرز کے ساتھ، بینک مکرامہ 5 کروڑ 88 لاکھ سے زائد شیئرز اور ٹی پی ایل پراپرٹیز 4 کروڑ 26 لاکھ سے زائد شیئرز کے ساتھ شامل رہیں۔
یونی لیور فوڈز پاکستان کے شیئرز کی قیمت میں سب سے زیادہ 1982 روپے کا اضافہ ہوا اور اس کی بندش 32320 روپے فی شیئر پر ہوئی۔
اس کے بعد پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے شیئرز میں 449 روپے کا اضافہ ہوا اور قیمت 27000 روپے فی شیئر تک پہنچ گئی۔
رافحان میزر پروڈکٹس کے شیئرز میں سب سے زیادہ 92 روپے کی کمی ہوئی اور قیمت 9537 روپے فی شیئر پر بند ہوئی، جبکہ ہوخسٹ پاکستان کے شیئرز 91 روپے گر کر 3715 روپے پر بند ہوئے۔
فیوچر مارکیٹ میں 326 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 88 کے نرخ بڑھے، 233 کے کم ہوئے جبکہ 5 کمپنیوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
