موسم سرما کی تعطیلات پر وزارت تعلیم اور این سی او سی میں اختلاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موسم سرما کی تعطیلات پر وزارت تعلیم اور این سی او سی میں اختلاف سامنے آیا ہے . ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم اور این سی او سی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے ایک صفحے پر نظر نہیں آتے .

بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات آئندہ برس جنوری کے وسط سے کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم اس ایک روز قبل وفاقی وزیر تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ تعطیلات کا آغاز 25 دسمبر سے ہو گا . انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات 25 دسمبر سے 4 جنوری تک کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوگیا، موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن متعلقہ صوبائی حکومتیں جاری کریں گی . . تاہم گذشتہ روز این سی او سی نے موسم سرما کی تعطیلات جنوری کے آخر میں کرنے کا فیصلہ کیا . ذرائع کے مطابق بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں تمام صوبوں سے سفارشات لے لی گئی تھیں اور اجلاس میں سفارشات پر بحث کی گئی . فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا عمل جاری رہے گا اور برفباری والے علاقوں میں تعطیلات رہیں گی . تاہم این سی او سی کی تجویز کے بعد وفاقی وزارت تعلیم نے اس موضوع پر خاموشی اختیار کی ہوئی اور اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا . وزارت تعلیم کے ایک سینئر افسر کے مطابق پہلے وزارت اور سیکریٹریوں نے تعطیلات کے آغاز کے لیے 25 دسمبر کی تاریخ پر اتفاق کیا تھا لیکن این سی او سی نے اس سے اتفاق نہیں کیا . ممکنہ طور پر موسم سرما کی چھٹیوں کے حوالے سے فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم ہی کریں گے . وہ کوئی فیصلہ کرنے سے قبل این سی او سی کے سربراہ اور وزیر برائے منصونہ بندی اسد عمر اور وزیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے بات کریں گے . . .

متعلقہ خبریں