مینار پاکستان واقعہ، پولیس نے خاتون کے ساتھی کو مرکزی ملزم قراردے دیا

لاہور(قدرت روزنامہ) مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر ہراسگی کیس میں انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے . پولیس نے خاتون کے ساتھی کو مرکزی ملزم قرار دے دیا ہے .

تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے بلیک میلنگ کیس کے مرکزی کردار ریمبو نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا . ریمبو کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج اخلاق احمد نے سماعت کی ، عامر سہیل عرف ریمبو نے مؤقف اختیار کیا کہ بلیک میلنگ کا الزام غلط ہے، خاتون نے جھوٹے الزامات عائد کیے، لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے . . پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی . سیشن عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ملزم ریمبو نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی میں اہم کردار ادا کیا . پولیس نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی سفارش کر دی . . یاد رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے اپنے ساتھی ریمبو کے خلاف درخواست دائر کی تھی . اس درخواست میں عائشہ اکرم نے گریٹر اقبال پارک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کا ذمہ دار اپنے ساتھی ریمبو کو قرار دیا تھا . درخواست میں عائشہ اکرم نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک جانے کا منصوبہ ریمبو نے ہی بنایا تھا . متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کا کہنا تھا کہ ریمبو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میری نازیبا ویڈیوز بنا رکھی ہیں، ویڈیوز کی وجہ سے ریمبو مجھے بلیک میل کرتا رہا . عائشہ اکرم نے اپنے درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ریمبو بلیک میل کرکے 10 لاکھ روپے لے چکا ہے، میں اپنی تنخواہ میں سے آدھے پیسے ریمبو کو دیتی تھی، ریمبو ساتھی بادشاہ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک گینگ چلاتا ہے . ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے ریمبو کے خلاف سخت کارروائی کی استدعا بھی کی تھی جس کے بعد ریمبو کو گرفتار کر لیا گیا تھا . واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مینارِ پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہراسگی اور بدتمیزی کا نشانہ بنانے کا واقعہ 14 اگست کے روز پیش آیا تھا . . .

متعلقہ خبریں