پاکستان کی بدحالی کے اصل ذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں، وزیر اعظم

(قدرت روزنامہ)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بدحالی کے اصل ذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں . عرب نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ غریب ممالک اپنے وسائل کی وجہ سے غریب ہرگز نہیں، کوئی بھی ملک غریب اس لیے ہوتا ہے کہ اس کی لیڈر شپ کرپٹ ہوتی ہے .

پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہم پاکستان کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں . وزیر اعظم نے کہا کہ میری سیاست کا مقصد پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں سے پاک کرنا ہے، ہمارا مقابلہ 2 ایسے کرپٹ حکمران خاندانوں سے ہے جو بہت دولت مند ہیں . پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھی یہی دونوں خاندان ہیں . بھٹو اور شریف خاندان نے وسائل کا ناجائز استعمال کیا، یہ دونوں خاندان سیاست نہیں کرتے بلکہ یہ ملک میں خاندانی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں . افغانستان کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا نے افغانستان میں نام نہاد جنگ کے نام پر 20 سال تک قبضہ کیے رکھا حالانکہ نائن الیون کے واقعے میں کوئی افغان ملوث نہیں تھا، پتہ نہیں امریکی افغانستان میں کیا اہداف حاصل کرنا چاہتے تھے . افغانستان کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے ایک کروڑ چالیس لاکھ لوگ امداد کے منتظر ہیں، عالمی برادری نے افغان عوام کی مدد نہ کی تو خطے میں بحران پیدا ہوسکتا ہے، افغانستان میں بحران سے شدت پسند تنظیمیں فائدہ بھی اٹھاسکتی ہیں . بھارت سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسندوں اور جنونیوں کی حکومت ہے، خدشہ ہے بی جے پی  پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ نہ چھیڑ دے . بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے . وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، 80 لاکھ کشمیری ایک کھلی جیل میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، ہم نے پوری دنیا میں کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے . . .

متعلقہ خبریں