70 سے زائد پاکستانی شہری ایران سے واپس اپنے وطن پہنچ چکے ہیں یہ عمل مرحلہ وار جاری رہے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایران میں جاری صورتحال کے پیش نظر وہاں مقیم پاکستانی شہریوں کی باحفاظت وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان وفاقی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے تاکہ شہریوں کی واپسی کا عمل منظم اور محفوظ انداز میں جاری رکھا جا سکے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سرحدی مقامات پر امیگریشن حکام چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ آمد و رفت کے عمل کو مؤثر اور منظم بنایا جا سکے اور کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بارڈر سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ واپس آنے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات، رہنمائی اور ضروری معاونت فراہم کی جائے تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے وزیر اعلیٰ کے مطابق اب تک 70 سے زائد پاکستانی شہری ایران سے واپس اپنے وطن پہنچ چکے ہیں اور یہ عمل مرحلہ وار جاری رہے گا انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
