حکومت بلوچستان صوبے کے تمام علاقوں کی متوازن ترقی کے لیے کوشاں ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو سوئی کے دورے کے دوران سوئی رنگ روڈ اور گیس فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کیا جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی جانب سے چیکس کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت بھی کی تقریب میں قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں، گیس انتظامیہ اور علاقے کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین میں اسناد بھی تقسیم کیں اور ان کی محنت، لگن اور خدمات کو سراہا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بگٹی قوم کے نوجوان تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بگٹی طلبہ اپنی محنت اور قابلیت کے ذریعے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پوری قوم اور صوبے کا نام روشن کریں گے انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلتی ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی آتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، گیس اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے ذریعے عوام کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے تمام علاقوں کی متوازن ترقی کے لیے کوشاں ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کے حقیقی ثمرات میسر آ سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوام کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert