کھیل

ہربھجن سنگھ ریٹائرمنٹ کے بعد سدھو کے نقش قدم پر

نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بھارت کے اسپنر ہربھجن سنگھ ریٹائرمنٹ کے بعد نوجوت سنگھ سدھو کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں اور بہت جلد وہ اپنی سیاسی اننگ کا آغاز کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے 41 سالہ اسٹار اسپنر ہربھجن سنگھ کرکٹ کو مکمل طور پر خیر آباد کہنے کے بعد اپنی نئی سیاسی اننگ کھیل سکتے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہربھجن سنگھ کی تصاویر گزشتہ دنوں پنجاب کانگریس کے صدر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ وائرل ہوئی تھی جس کے بعد یہ رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ ہربھجن سنگھ پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ہربھجن سنگھ نے حال ہی میں کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ابھی اچھی چیزیں ختم ہوجاتی ہیں اور آج میں اس کھیل کو الوداع کہتا ہوں۔
ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ اس کھیل نے مجھے زندگی میں سب کچھ دیا ہے جبکہ میں ان سب لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے 23 سالہ کیریئر کو خوبصورت اور یادگار بنایا ہے۔
واضح رہے کہ ہربھجن سنگھ نے 1998 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنے کیریئر میں 103 ٹیسٹ، 236 ایک روزہ اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔ہربھجن سنگھ نے تینوں فارمیٹس میں کل 711 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ وہ 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ہربھجن سنگھ نے 2016 میں آخری بار ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کے لیے کھیلا تھا جبکہ وہ رواں سال 2021 میں آخری بار آئی پی ایل میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔

متعلقہ خبریں