پاکستان

برطانیہ میں گیس 500 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ شہباز گل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) برطانیہ میں گیس 500 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ جوچیزیں ہمارے اختیارمیں تھیں وہ سستی کر دیں، پیٹرول پوری دنیا میں مہنگا ہوا۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ جو چیزیں حکومت کے اختیارمیں تھیں وہ سستی کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں گیس 500 فیصد مہنگی ہوئی ہے جبکہ پیٹرول پوری دنیا میں مہنگا ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی گفتگو میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل ایک طرف منافع اور دوسری طرف مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ہمیں بتائیں وزیر اعظم عمران خان نے کون سی شوگر مل لگائی ہے۔ معاون خصوصی نے منی بجٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ اشیاء پر17 فیصد ٹیکس لگایا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنانس بل منظور ہونے سے ڈالر کی قدر کم ہونا شروع ہوگئی ہے، اگلے تین مہینوں میں مہنگائی بھی کم ہونے میں مدد ملے گی، اگست ستمبر تک پاکستان کی معاشی حالت بہت بہتر ہوجائے گی،ہماری سیاست، معیشت اور دفاع مستحکم ہے۔

اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پھر عوام سے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق چلائیں گے۔ایسی ریاست جس میں قانون کا احترام ہوگا، غریب اور امیر میں فرق نہیں ہوگا، ماضی میں جو طرز حکمرانی تھا وہ ختم ہوچکا ہے، کل بھی عوام نے دیکھا کہ اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت مایوس ہوکر اسمبلی میں آئی ہی نہیں، کیوں کہ ان کا خیال تھاکہ اپوزیشن بھرپور مخالفت کرے گی۔
اپوزیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 29 لوگ رابطے میں ہیں لیکن پتا چلا کہ ساری اپوزیشن پی ٹی آئی سے رابطے میں تھی۔ کس طرح یہ سب بکھر گئے ہیں، خواجہ آصف جب وزیرخارجہ تھے تو اقامے کے اوپر دبئی کی کمپنی سے تنخواہ لے رہا تھا وہ بتا رہا ہے کہ کس طرح ملکی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ خوشی ہے کہ ہم نے دیکھا کہ کل فنانس بل منظور ہونے کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوگیا ہے اگلے تین مہینوں میں مہنگائی کم ہونے میں مدد ملے گی، ہماری اپنی چیزیں سستی ہورہی ہیں، باقی چیزیں بھی سستی ہوجائیں گی، اپوزیشن کے پاس سیاست نہیں ہے، پہلے کہتے تھے کہ نوازشریف خود واپس آئیں گے اب ہم نے قدم بڑھائے وہ پھر واپس چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک سوشل پروٹیکشن پروگرام لے کر آئیں گے اگست ستمبر تک پاکستان کی معاشی حالت بہت بہتر ہوجائے گی، پاکستان تمام مشکلات سے نکل جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ کورونا جیسی وباء 100سال میں ایک بار آتی ہے لیکن پاکستان نے شکست دے دی ہے۔ سعودی عرب ، برطانیہ ، امریکا پھر سے پابندیاں لگا رہا ہے، لیکن پاکستان واحد ملک ہے جس کی معیشت 5فیصد پر بڑھ رہی ہے، ہماری سیاست، معیشت اور دفاع مستحکم ہے۔

متعلقہ خبریں