ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائشگاہ پر حملہ،اہم تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر Donald Trump کی سرکاری رہائشگاہ White House کے باہر فائرنگ کے واقعے نے امریکی دارالحکومت میں سیکیورٹی خدشات بڑھا دیے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ وائٹ ہاؤس کے قریب 17ویں اسٹریٹ اور پینسلوینیا ایونیو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک مسلح شخص نے اچانک سیکریٹ سروس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 21 سالہ نسائر بیسٹ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق امریکی ریاست میری لینڈ سے بتایا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور وائٹ ہاؤس کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہا۔ واقعے کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے تاہم وہ مکمل طور پر محفوظ رہے۔
فائرنگ کے بعد وائٹ ہاؤس کو فوری طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا جبکہ علاقے میں اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے دوران تقریباً 30 گولیاں چلائی گئیں جبکہ احتیاطی اقدامات کے طور پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے۔
واقعے کے بعد امریکی سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ حملے کے محرکات اور ممکنہ پس منظر کا تعین کیا جاسکے۔
