سیالکوٹ میں شادی میں غیر ملکی کرنسی، موبائل فونز اور قیمتی تحائف کی برسات، ویڈیو وائرل

سیالکوٹ (قدرت روزنامہ) سیالکوٹ میں اپنی نوعیت کی انوکھی شادی، زمیندار کی شادی کے موقع پر عزیز و اقارب نے غیر ملکی کرنسی، موبائل فونز اور تحائف کی برسات کردی، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے . تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں زمیندار کی شادی کے موقع پر عزیز و اقارب کی جانب سے غیر ملکی کرنسی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی تحائف کی برسات کردی گئی .


سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں زمیندارکی بارات میں عزیز و اقارب کی جانب سے غیرملکی کرنسی، موبائل فونز اورگرم چادریں تقسیم کی گئیں . یہ قیمتی تحائف ایک اونچی عمارت سے نیچےگرائےگئے، شادی میں قیمتی تحائف سمیٹنے کے لیے لوگوں کا ہجوم لگ گيا،کسی کے ہاتھ موبائل لگاتو کسی کے ہاتھ گرم چادر اور کسی کو غیر ملکی کرنسی ملی .

دلہا کے عزیز و اقارب نے بتایا کہ انہوں نے بارات کے لمحات کو یادگار بنانےکے لیے ایسا کیا . واضح رہے کہ اس سے قبل رحیم یار خان میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا . جب تحصیل خان پور میں اُس وقت کچھ الگ ہی منظر دیکھنے کو ملا جب باراتیوں نے پھول اور ملکی پیسے نچھاور کرنے کے بجائے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ ساتھ موبائل فون کے ڈبے بھی لٹائے . ہوا کچھ یوں کہ شجاع آباد سے خان پور آنے والے باراتیوں نے خوشی کے اظہار کے لیےکچھ منفرد انداز اپنایا اور مقامی افراد پر ایک ایک ڈالر اور ریال نچھاور کیے گئے .
اب باراتیوں نے یہ سب خوشی میں کیا یا دکھاوے میں لیکن جس کسی کے ہاتھ ریال، ڈالر یا موبائل فون لگا، اس کی صحیح معنوں میں عید ہوگئی . اور اس سب کے بعد دلہا اور باراتیوں نے دلہن سمیت خوشی خوشی واپس شجاع آباد کا رخ کیا .

. .

متعلقہ خبریں