کراچی (قدرت روزنامہ)ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے . بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ککری اسپورٹس کمپلیکس لیاری پہنچ گئے جہاں مرتضیٰ وہاب نے وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کے ہمراہ ککری اسپورٹس کمپلیکس لیاری کا افتتاح کیا .
ان کا کہنا تھا کہ ککری اسپورٹس کمپلیکس لیاری کراچی نیبرہوڈ پروگرام کے تحت قائم کیا گیا ہے .
ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے . بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ قدیمی ککری گرائونڈ میں موجود ہیں، ایک اور وعدہ جو پیپلز پارٹی نے لیاری کے عوام سے کیا آج اسکی تکمیل ہو رہی ہے، کراچی نیبرہڈ پروجیکٹ کے تحت پیپلز اسکوائر بنایا گیا . انہوں نے کہا کہ ملیر میں پیپلز اسکوائر بنایا گیا، لیاری کے ککری گرائونڈ کو بھی بین القوامی طرز پر بنانے کی ضرورت تھی، ککری گراِونڈ میں فٹ بال اسٹیڈیم پبلک پلہس کا سنگ بنیاد رکھا ہے، لوگ اعلانات کرتے ہیں وعدوں کو وفا بلاول بھٹو کرتے ہیں .
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آج شھید بھٹو کی سالگرہ کا دن ہے، اور آج کے دن لیاری کے عوام کو بہترین تحفہ دے رہے ہیں، ایک سال میں اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا، اگلے 10 روز میں اس طرح کے مزید 4 پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا .
انہوں نے کہا کہ ملیر، لانڈھی کی عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں وہ بھی پورے ہوں گے، شیر پائو گرائونڈ پر جلد کام شروع ہوجائے گا، گزری کے عوام کو جلد فٹ بال گرائونڈ کا تحفہ دینے جا رہے ہیں، ملیر میں قائم گوٹھ تک جانے والی سڑک بھی تعمیر ہوجائے گی . ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹ کوئی اور ہوا، خدمت صرف پیپلز پارٹی کر رہی ہے، کل تیز بارش ہوئی کوئی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نظر نہیں آئی، اگر نظر آرہی ہے تو کے ایم سی، ڈی ایم سی، واٹر بورڈ، کراچی کی انتظامیہ سڑکوں پر متحرک رہی اور اسی طرح یہ کام اور خدمت جاری و ساری رہیں گی .