جنوبی پنجاب میں فرانزک سائنس ایجنسی کا پراجیکٹ شروع کرنےکا فیصلہ

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے آج ٹھوکرنیازبیگ کے قریب پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں تعمیر کردہ جدید سنٹر آف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب کاافتتاح کیا . وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افتتاح کے بعد سنٹر آف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب کا دورہ کیا اورسنٹر آف فرانزک ٹریننگ لیب کے مختلف شعبے دیکھے .


وزیراعلی عثمان بزدار نے آڈیو، ویڈیو لیب، ڈی این اے لیب، آرمز لیب اور دیگر لیبز کا معائنہ کیا . وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لیبز میں ٹریننگ کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں کو سراہا . وزیر اعلی عثمان بزدار نے ٹریننگ لیب کے باہر پودا بھی لگایا . وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کیلئے جدید آلات کی خریداری کیلئے ایک ارب روپے دے گی .

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں فرانزک سائنس کی طرح ریسکیو 1122 کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے . انشاء اللہ جون تک پنجاب میں ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس کاآغاز کردیا جائے گا- سنٹرآف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لئے ایک اعزاز ہے . ایک ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین ٹریننگ لیب بنائی گئی ہے اوریہ منصوبہ کیسز کی جدید انداز میں تحقیقات میں معاونت اور شفافیت کے لئے مثالی حیثیت رکھتا ہے .
ٹریننگ لیب میں 16 جدید ترین فرانزک لیبارٹریزبنائی گئی ہیں . جدید ٹریننگ لیب میں فرانزک سائنس کے14 شعبوں سے متعلق جدید ترین خطوط پر تربیت دی جائے گی . فرانزک سائنسدان، پولیس، پراسیکیوٹرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کے افسران تربیت حاصل کر سکیں گے . انہوں نے کہاکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا نہ صرف پاکستان بلکہ دنیامیں مقام ہے اورا س ایجنسی میں کیسز کی تحقیقات کے لئے انتہائی جدید انداز سے کام کیا جاتاہے- سنٹرآف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب کے لئے سٹاف کی بھرتیاں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ پنجاب فوڈ، ڈرگ اینڈ ایگریکلچراتھارٹی عمارت کو جلد مکمل کیاجائے گاجس کے لئے ہرممکن
وسائل دیں گے .
سنٹرآف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب میں خیبر پختونخوا، سندھ او ربلوچستان کے عملے کو بھی تربیت دی جائے گی- جدید تربیت سے عملے کی استعداد کار میں ا ضافہ ہوگا- سنٹرآف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب سے پولیس، پراسیکیوشن اور عدلیہ کو کیسز کی تفتیش میں بے پناہ فائدہ پہنچے گا . ساڑھے 3 سال کے دوران پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے جدید خطوط پر تحقیقات کرکے تمام ہائی پروفائل کیسز کو ٹریس کیا ہے اوراس ضمن میں پولیس نے بھی بڑی محنت سے کام کیاہے اور کیسز کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے .
پولیس کو ہر طرح کے وسائل فراہم کئے ہیں اور انہیں ایگزیکٹو الاؤنس دیاہے- پولیس میں 12ہزار نئی بھرتیاں کی جا رہی ہیں . ایک سو تھانوں کی عمارتیں بن رہی ہیں اور ماڈل تھانوں کا دائرہ کار بڑھایاہے . پولیس کو 650 نئی گاڑیاں دی ہیں . انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کے ان اقدامات سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے . پنجاب میں 4 ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں 44 فیصد کمی ہوئی ہے .
ریسکیو 1122 کا دائرہ کار 86 تحصیلوں تک بڑھا دیا ہے . بہت جلد پنجاب کی ہر تحصیل میں ریسکیو 1122 کی سروس مہیا کردیں گے . ریسکیو 1122 کے لئے 350 نئی ایمبولینسیں خریدی جا رہی ہیں . ریسکیو1122 کے ملازمین کو الاؤنس دیا ہے . پنجاب حکومت کے ان اقدامات سے صوبے کے عوام کو فائدہ پہنچے گا او رانہیں ان کی دہلیز پر سروس مہیا ہوگی . انہوں نے کہاکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈویژنل سنٹرز کو فعال کیا جائے گا اورجنوبی پنجاب میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا پراجیکٹ اگلے مالی سال شروع کیا جائے گا .
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر طاہر اشرف او ران کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں . ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کی سفارش کی جائے گی . صوبائی وزیر راجہ بشارت اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بھی اس ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لئے محنت سے کام کیاہے . پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سائنسدان اور ملازمین جذبے کے ساتھ اپنے فرائض جاری رکھیں، حکومت پورا سپورٹ کرے گی .
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا . صوبائی وزراء راجہ بشارت، چودھری ظہیرالدین، یاور بخاری، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ا طلاعات، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے .

. .

متعلقہ خبریں