پنجاب

سانحہ مری میں اموات کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کی اطلاعات ہیں جو چھپائی جا رہی ہیں ، حمزہ شہباز

لاہور (قدرت روزنامہ)  مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ مری میں اموات کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کی اطلاعات آرہی ہیں ، جنہیں حکومت چھپا رہی ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مری میں 6 فٹ تک برف ہٹانے کی مشینیں فراہم کیں ، پولیس کو سنو بائیک اور  رہائش کی جگہیں دستیاب کیں تا کہ پولیس سمیت دیگر ادارے متحرک رہیں  اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،لیکن سانحہ مری کے دوران کسی بھی مشینری کو استعمال نہیں کیا گیا ، انہوں نے کمیشن بنا کر کوشش کی ہے کہ جو حال شوگر کمیشن کا ہوا ، گندم کمیشن کا ہوا  وہی مری کمیشن کا ہوگا لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گا ، میں انہیں اس معاملے پر مٹی نہیں ڈالنے دوں گا ۔ 

حمزہ شہباز نے کہا کہ مجھے قوم کو حقائق بتانے ہیں ، سانحہ مری کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا عین عوامی جذبات کا تقاضہ ہے ، ہم انہیں چھپنے نہیں دیں گے ،  عمران نیازی اور عثمان بزدار کو پتلی گلی سے نکلنے نہیں دیں گے ۔انہیں شرم آنی چاہئے ، یہ اپنی ریسکیو ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں ، کئی خاندانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی اور یہ مبارکبادیں دیتے پھر رہے ہیں ، قوم کی بچیوں کی لاشوں پر بھی سیاست کر رہے ہیں ، ان کیلئے معافی نہیں ہے ۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ  قوم ان کا اور ان کے جھوٹوں کا محاسبہ کرے گی ، آج معیشت زمیں بوس ہے ، ہر جگہ تباہی ہے ،  میں یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ ن  ان کا احتسا کرے گی ، ہر راستہ اختیار کیا جائے گا جس سے ان کا احتساب ہو ،  آج پاکستان جس دوراہے پر کھڑا ہے تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ ظالم اور نا اہل حکومت سے جان چھڑائی جائے  چاہے وہ تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ہو یا سڑکوں پر نکلنا پڑے ، یہ حکومت مزید رہی تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ 

حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ سونامی تباہی کا نام ہوتا ہے ، انہوں نے پچاس لاکھ گھر تونہیں بنائے ، ایک کروڑ نوکریاں تو نہیں  دیں مگر مہنگائی ، بیروزگاری اور بے حسی کا سونامی ضرور آیا ہے ۔

متعلقہ خبریں