اخراجات آمدن سے بڑھ جائیں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے ، فواد چوہدری

لاہور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اخراجات آمدن سے بڑھ جائیں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے ، نوازشریف کا مسئلہ مہنگائی سے جڑا ہوا ہے ، سب سے زیادہ مشکل میں تنخواہ دار طبقہ ہے جن کی تنخواہیں نہیں بڑھائی جاتیں . تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف لندن کی سب سے مہنگی پراپرٹی میں بیٹھے ہوئے ہیں ، لندن میں آصف زرداری ہوٹل کا مہنگا ترین اپارٹمنٹ لے کر رہتے ہیں ان کی حکومتوں نے 2008 سے 2018 تک 23 ٹریلین قرضہ لیا ، 1947 سے 2008 تک 6 ہزار ٹریلین کا قرضہ لیا گیا ، جب کہ پی ٹی آئی کی حکومت 32 ارب ڈالر قرضہ واپس کرچکی ہے .


وزیراطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے ، ان کے مارچ کا شور پہلے دن سے سنتے آرہے ہیں، آئندہ عام انتخابات 1100 سیٹوں پر ہوں گے، اور پی ٹی آئی کے علاوہ ان سیٹوں پر کوئی جماعت امیدوار کھڑے نہیں کر سکتی، الیکشن آنے دیں میدان بھی ہوگا گھوڑا بھی ہوگا اور ہم بتائیں گے الیکشن کیسے لڑے جاتے ہیں .

فواد چوہدری نے کہا کہ صحت کارڈ سے ہیلتھ کے مسائل حل ہوں گے ، جس پر ہر خاندان 10 لاکھ روپے تک علاج کروا سکے گا، نجی ہسپتال جائیں تو علاج کا خرچہ حکومت اٹھائے گی، حادثے میں زخمی شخص کا بھی صحت کارڈ کے تحت فوری علاج ہو سکے گا، صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہوگا، امیر لوگ تو بیرون ملک جاکر اپنا علاج کرواتے ہیں، مساوات قائم ہوگی وہی علاج غریب کا ہوگا جو امیر کا ہوتا ہے، جب تک پرائیویٹ سیکٹر آگے نہیں آئے گا کبھی بھی مسئلے حل نہیں ہوسکتے ، اچھے ہسپتال بنیں گے تو یہ عوام کیلئے فائدہ ہے ، یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، سندھ حکومت صحت انصاف کارڈ میں اپنا حصہ ڈالیں ، تمام پریس کلبوں کے ممبران کو صحت کارڈ دینے جارہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں