نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم نے خودکشی کر لی

کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم نے گرفتاری سے قبل خودکشی کر لی . جنگ نیوز کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق شاہ رخ قتل کیس میں ایک مشتبہ ملزم علی فرزند جعفری کی گرفتاری کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا .


چھاپے کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے اچانک اپنا پستول نکال کر کنپٹی پر رکھ کر خود کو گولی مار لی . بتایا گیا ہے کہ متوفی شعبہ انویسٹی گیشن پولیس کا سپاہی تھا جو ڈسٹرکٹ ویسٹ میں تعینات تھا . پولیس کے مطابق خود کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت کیا گیا .

ملزم کی مختلف زاویوں اور کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تھی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی گلشن اقبال میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا .

خیال رہے کہ بدھ کے روز کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک روز قبل شادی کرنے والے نوجوان کو قتل کر دیا گیا . اچانک ہونے والے واقعے سے خوشیوں بھرا گھر ماتم میں تبدیل ہو گیا . شاہ رخ نامی نوجوان کے بھائی کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت سامنے گارڈ بنکر بیٹھا تھا لیکن تماشہ دیکھتا رہا، اس کے پاس بندوق بھی موجود تھی،کوشش کرتا تو بھائی کی جان بچ سکتی تھی،وہ حملہ آوروں کو مار بھی سکتا تھا اور بھگا بھی سکتا تھا .
جب میرے بھائی کو گولی لگ گئی تب وہ سامنے آیا . انہوں نے مزید کہا کہ میرے بھائی کی کسی سے دشمنی نہیں تھی،ہنستا کھیلتا بچہ تھا،گزشتہ جمعرات کو شادی کی شیروانی پہنی اور آج کفن پہن لیا . خیال رہے کشمیر روڈ پر واقع ایک گھر کے باہر موجود 2 خواتین کو ایک ڈاکو نے پستول دکھا کر لوٹنے کی کوشش کی . اسی دوران گھر کے اندر سے ایک نوجوان باہر نکلا اور فوری ڈاکو پر جھپٹ پڑا .
اس دوران ڈکیت نے نوجوان پر گولیاں چلا دیں اور خواتین کو لوٹ کر فرار ہو گیا . پولیس کے مطابق نوجوان کی ایک روز قبل ہی شادی ہوئی تھی، جبکہ جن خواتین کے سامنے اس کا قتل ہوا، وہ مقتول کی والدہ اور بہن ہیں . پولیس کے مطابق قاتل کی تلاش جاری ہے . علاوہ ازیں کراچی میں ہی ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران نوجوان لڑکی کو زخمی کر دیا گیا . زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی آباد سیکٹر ایف میں واقع شمیم مسجد کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر موٹر سائیکل پرسوار دو نامعلوم ملزمان نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے 20 سالہ لڑکی کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے . واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی لڑکی کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا .

. .

متعلقہ خبریں