محمد رضوان ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر قرار
لاہور (قدرت روزنامہ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈز کے فاتحین کی نقاب کشائی شروع کردی ہے۔ پاکستان کے محمد رضوان نے بلے سے ریکارڈ ساز سال کے لیے آئی سی سی T20I کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔
قومی ٹیم کے اوپنر نے 2021ء میں بیٹنگ کے متعدد ریکارڈ توڑ دیے، جس سے پاکستان کو متعدد فتوحات میں مدد ملی۔
2021ء کے T20I ورلڈ کپ میں محمد رضوان نے صرف 55 گیندوں میں 79ناٹ آئوٹ رنز سکور کرکے روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کی پہلی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 29 میچوں میں 73.66 کی اوسط سے ایک سنچری کے ساتھ 1326 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ رضوان نے وکٹوں کے پیچھے 24 شکار بھی اپنے نام کیے۔ رضوان 2021ء میں آئی سی سی T20I ورلڈ کپ میں 6 اننگز میں 281 رنز بنانے والے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی تھے۔ اس ایوارڈ کے لیے دیگر نامزدگیوں میں انگلینڈ کے جوس بٹلر، سری لنکا کے وینندو ہاسرنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش شامل تھے۔