عدالت نے کروڑوں کی کرپشن میں ملوث نیشنل بینک کے اعلیٰ افسر کو سزا سنادی

لاہور (قدرت روزنامہ) احتساب عدالت لاہور نے کرپشن میں ملوث نیشنل بینک کے اعلیٰ افسر کو سزا سنادی ، قومی خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر قومی بینک کے سابق نائب صدر عثمان سعید کو 4 سال قید اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے . ہم نیوز کے مطابق سابق صدر نیشنل بینک عثمان سعید کو 4 سال قید اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا تے ہوئے لاہور کی احتساب عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ مجرم کی زمینوں کو فروحت کرکے جرمانہ کی رقم ادا کی جائے ، اس کے علاوہ عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک عثمان سعید کو 10 سال کے لیے کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نا اہل بھی قرار دے دیا .


بتایا گیا ہے کہ عثمان سعید پر الزام تھا کہ نیشنل بینک میں اعلیٰ عہدے پر رہتے ہوئے مجرم نے قومی خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان پہنچایا اور یہ تمام کارروائی 2005ء سے 2018 کے درمیان کی گئی ، اس عرصے میں اپنی تعیناتی کے دوران سابق نائب صدر نیشنل بینک نے 10 کمپنیوں کو 93 کروڑ 89 لاکھ 78 ہزار روپے کی رقم تقیسم کی ، اس کے علاوہ کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے 126 اکاؤنٹس بنائے گئے جس سے قومی خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا .
خیال رہے کہ نیب لاہور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کے غبن میں مبینہ طور پر ملوث سرکاری نیشنل بینک کے نائب صدر عثمان سعید کو 2018 مین گرفتار کیا تھا ، اس سلسلے مین نیب کی جانب سے نیشنل بینک کے لاہور فارن ایکسچینچ ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی خردبرد کی تحقیقات کی گئیں ، جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے فارن ایکسچینج ڈیپارٹمنٹ پر چھاپہ کر متعلقہ ریکارڈ قبضہ میں لیتے ہوئے مرکزی ملزم نیشنل بینک کے نائب صدر عثمان سعید کو گرفتار کیا .
نیب حکام نے بتایا کہ ملزم عثمان سعید مین برانچ فارن ایکسچینج ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ تعینات تھا اور اس کی 2 سے 3 ارب روپے کی کرپشن کے شواہد ملے اور ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ 13 بڑے کاروباری گروپس کے مالکان اور بینک افسران کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ، جس کے لیے ملزمان ملی بھگت کرکے درآمد شدہ مال بغیر ادائیگی بینک سے جاری کرواتے رہے .

. .

متعلقہ خبریں