اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے چیکنگ پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی . تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ کورال کے علاقہ بکھرال چوک میں پیش آیا جہاں چیکنگ کے دوران پولیس نے 2 بلا نمبر مشکوک موٹرسائیکلوں کو رکنے کا اشارہ کیا ، جس پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اچانک پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس نے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا لیکن 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری واقعہ کی جگہ پر پہنچ گئی اور فرار ہونے والے ڈاکوؤوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا .
ادھر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 55 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بچھو گینگ کا سرغنہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ میں مارا گیا ، ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے برکی کے علاقے میں واردات کی ، ان ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کینٹ ڈویژن میں ناکہ بندی کی گئی اور پیٹرولنگ کو الرٹ کیا گیا ، ڈیفنس سی کے علاقے میں پہنچنے پر پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی .
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے ان کا اپنا ہی ایک ساتھی ہلاک ہو گیا ، ہلاک ڈاکو راہ زنی اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا ، جس نے 2017ء میں نشتر کے علاقے میں دوران مزاحمت پر کانسٹیبل محمد اعظم کو بھی شہید کیا ، پولیس نے فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے بچھو گینگ کے سرغنہ کی لاش تحویل میں لے لی ، جب کہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی .
. .