نومبر2020 سے اب تک پیٹرولیم کی بین الاقوامی قیمتوں میں166 فیصد اضافہ ہوا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کیلئے مہنگائی بڑا چیلنج ہے جسے اگلے چند ماہ تک قابو کر لیا جائیگا، حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اگلے چند دنوں میں تین سے چار نئے پروگرام متعارف کرانے جا رہی ہے . وزیر خزانہ کے مطابق نومبر2020 سے اب تک پیٹرولیم کی بین الاقوامی قیمتوں میں166 فیصد اضافہ ہوا .

ایک انٹرویویرمیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ لوئر مڈل کلاس اور تنخواہ دار طبقے کی آمدن میں اضافے کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے پر مرکوز ہے،

لوگوں کی آمدن بڑھے گی تو خوشحالی آئیگی . شوکت ترین نے کہا کہ حکومت نے غریب لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے کامیاب جوان، احساس راشن اور کامیاب پاکستان جیسے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں، اسی حوالے سے حکومت اگلے چند دنوں میں مزید تین سے چار پروگرام متعارف کرانے جا رہی ہے . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں، بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھیں تو پاکستان میں بھی حکومت کو قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے . وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں کمی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو گی . ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیرضروری درآمدی اشیا پر ڈیوٹی بڑھائی ہے اور اس پالیسی کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، دسمبر اور جنوری کے دوران غیرضروری درآمدی ایشیا میں 7.6 بلین ڈالر سے 5.9 بلین ڈالر کمی ہوئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں