عمران خان کے مخالفین کیخلاف سارے اقدامات بغض وانتقام کا شاخسانہ ہے،نوازشریف

لندن(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے مخالفین کیخلاف سارے اقدامات بغض وانتقام کا شاخسانہ ہے، ایف آئی اے کو کسی مکروع فعل کا حصہ یا نیب بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے . انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کیخلاف عمران خان کے سارے اقدامات اس کے بغض وانتقام کا شاخسانہ ہے،وہ اپنے مخالفین کودبانا چاہتا ہے، ایف آئی اے کو اس اسکور کو سیٹل کرنے کیلئے استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے،ایف آئی اے کو نیب بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے بلکہ ایف آئی اے کو ایف آئی اے ہی رہنا چاہیے، ایف آئی اے کو اس مکروع فعل کا حصہ نہیں بننا چاہیے .


انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے اور اپنے مخالفین کو اندھا دھند آنکھیں بند کرکے کچلنے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان اس میں کامیاب نہیں ہوگا لیکن سرکاری اداروں کو ابھی تک نیک نام ہے، ان کو اپنی نیک نامی کو بدنامی میں نہیں بدلنا چاہیے . مزید برآں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی کی قیمت میں بڑھنے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پٹرول بم گرانے کے بعد اب بجلی 6 روپے سے زائد مہنگی کی جارہی ہے، عوام کو "مہنگا ترین وزیراعظم" قبول نہیں، عمران نیازی گھر جائے، عمران نیازی پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں، عوام کی مزید بددعائیں نہ لیں، خدا کا خوف کریں، پہلے ہی پٹرول میں ظالمانہ اضافے سے آٹا چینی، کرائے سمیت ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے، پٹرول کی فی لیٹر قیمت 12 روپے اضافے کے بعد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 4 روپے اضافہ عوام پر ایک اور ظلم ہے .
انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے مفاد میں قانون سازی کرلیتی ہے لیکن عوام کے ریلیف کے لئے دوتہائی کا جھوٹ گھڑلیتی ہے،عمران نیازی اتحادیوں کو وزارتوں کا ریلیف دے سکتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لئے کچھ نہیں؟ رواں مالی سال کے سات ماہ میں خام تیل اور آئل امپورٹ بل 11.7 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنا تباہی کا تسلسل ہے، انرجی امپورٹس میں 125 فیصد کا ہوشربا اضافہ باعث تشویش ہے، کاروباری برادری پریشان ، عوام بے حال اور حکمران حالت انکار میں ہیں، حکومت کو عالمی منڈی میں صرف اضافہ نظر آتا ہے، کمی نظر نہیں آتی، عوام کو ریلیف تو نہ مل سکا، پونے چار سال سے حکومت صرف بہانے اور پیسے بنارہی ہے .
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی نہ نیت رکھتی ہے نہ اہلیت، اس سے نجات سے ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، ملک اور عوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے، حکمران مہنگائی کو قابو کرنے کے بجائے مخالفین اور ناقدین کو قابو کرنے میں مصروف ہے جو افسوسناک ہے، عوام کا چولہا نہیں جل رہا بلکہ ان کا دل جل رہا ہے، عوام کی سانس بند کرنے والے اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں ، عوام صرف اور صرف عمران نیازی سے نجات چاہتی ہے، عوام کی خواہشات کو ہم پورا کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں