پلے آف مرحلے سے قبل لاہور اور اسلام آباد 2 بہترین کھلاڑیوں سے محروم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ایس ایل 7 میں پلے آف مرحلے سے قبل لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے دو بہترین کھلاڑیوں سے محروم ہو گئیں۔ راشد خان اور رحمان اللہ گرباز بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کے لیے افغانستان واپس چلے گئے۔
پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں راشد خان نے لاہور قلندرز کی طرف سے شاندار کارکردگی دکھائی اور مخالف بلے بازوں کے لیے درد سر بنے رہے۔ انہوں نے 9 میچوں میں 13 وکٹیں اپنے نام کیں اور صرف 6.25 کی اکانومی سے 225 رنز دیئے۔
انہوں نے ٹویٹر پر پی سی بی اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں مزید وقت گزارنا چاہتے تھے لیکن قومی ڈیوٹی دینا نہیں چھوڑ سکتے۔
راشد خان اور رحمان اللہ کے ساتھ محمد نبی بھی افغانستان واپس چلے گئے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر راشد خان اور رحمان اللہ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی۔ محمد نبی نے پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی۔
افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 23 فروری سے چٹاگانگ میں شروع ہو گی۔