پیکا آرڈیننس میں ترمیم صحافیوں سے متعلق نہیں ہے، فرخ حبیب

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیکا آرڈیننس میں ترمیم صحافیوں سے متعلق نہیں ہے، اپوزیشن خود ترمیم لے کر آئی اب کس منہ سے قانون کی مخالفت کررہی ہے، جرم ناقابل ضمانت ہوگا تو ایسے مقدمات میں کمی واقع ہوگی، سائبر کرائم ہمارے سوشل فیبرک کو تباہ کر رہا ہے . انہوں نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے دوبارہ بات کریں گے، میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر ان کے تحفظات سنیں گے، میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اپنا ایک مؤقف ہے .


انہوں نے کہا کہ ہم فیک نیوز کی تعریف پر کام کررہے ہیں، پیکا آرڈیننس میں جس ترمیم کی بات ہو رہی ہے وہ صحافیوں سے متعلق نہیں، آرڈیننس میں سزا کو2 سال سے بڑھا دیا ہے، جرم ناقابل ضمانت ہوگا تو ایسے مقدمات میں کمی واقع ہوگی .

فرخ حبیب نے کہا کہ سائبرکرائم ہمارے سوشل فیبرک کو تباہ کر رہا ہے، ہماری خواتین کی زندگیاں تباہ ہو کر رہ گئیں،اپوزیشن کس منہ سے اس قانون کی مخالفت کررہی ہے وہ تو خود یہ قانون لائی تھی .

یاد رہے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پیکا قانون میں ترامیم کے معاملے پر وزیراطلاعات کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا ہے، جےاےسی نے کہا کہ آرڈیننس واپس لینے تک ملاقات نہیں کی جائے گی، واک آؤٹ کرنے والوں میں اے پی این ایس، سی پی این، پی ایف یو جے، پی بی اے، ایمنڈ میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی شامل ہیں . دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پیکا قانون کوعدالت میں چیلنج کرنےکا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈریکونین قوانین کے ذریعے میڈیا پر قدغن لگانا چاہتے ہیں، اس قانون کو پہلے بنانے والوں پر لاگو کرنا ہوگا، مخالفین کو ڈرانے کیلئے قوانین بنائے جا رہے ہیں .
انہوں نے آج یہاں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی پری وینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے . مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن کیلیے یہ قانون بنایا ہے اس میں میڈیا کا ایک بڑا حصہ آتا ہے آپ جتنا ان آوازوں کو دبانے کی کوشش کرینگے یہ آوازیں اتنی زور سے پھیلیں گی . بےگناہ کو جیل میں ڈالنے کا جواب آپکو دنیا اور آخرت میں دینا پڑے گا لیکن زبان بندی تو آج تک نہیں ہوئی .

. .

متعلقہ خبریں