روس نے خون ریزی اورتباہی کے راستے کا انتخاب کیا ہے ،امریکا اورنیٹو اتحادی روس کواس کارروائی کا بھرپورجواب دینگے ،امریکہ اور برطانیہ

واشنگٹن ، لندن (قدرت روزنامہ) برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے روس کے یوکرین پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے صدرنے خونریزی کا انتخاب کیا ہے . غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی صدرولادی میرپیوٹن نے یوکرین پربلااشتعال حملہ کرکے خون ریزی اورتباہی کے راستے کا انتخاب کیا ہے .

انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے فون پرگفتگومیں آئندہ کے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کیا ہے . برطانیہ اوراتحادی روسی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیں گے . دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے

کہا کہ ان کی دعائیں ایسے وقت میں یوکرین کے عوام کے ساتھ ہیں جب وہ روس کے فوجی دستوں کے بلا اشتعال اور بلا جواز حملے کا شکار ہیں . انہوں نے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے پہلے سے سوچی سمجھی جنگ کا انتخاب کیا ہے جو تباہ کن جانی نقصان اور انسانی مصائب کو دعوت دے گی . انہوں نے کہا کہ اس حملے سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا ذمہ دار صرف روس ہے، امریکا اور اس کے اتحادی اور شراکت دار متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے، دنیا روس کو جوابدہ ٹھہرائے گی . انہوں نے کہا کہ وہ رواں ہفتے عائد مالیاتی اقدامات کے علاوہ روس پر مزید پابندیوں کا اعلان کریں گے . روس کی جانب سے کارروائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب نیویارک میں یوکرین کے بحران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا . ایک مسودہ قرارداد جس میں روس کو اس کے پڑوسی ملک کے خلاف اقدامات پر متنبہ کیا گیا ہے، روس کے ویٹو پاور کی وجہ سے ناکام ہو جائے گا . تاہم سلامتی کونسل کے ایک سفارت کار نے کہا کہ روس کو نوٹس جاری کیا جائے گا کہ یہ عمل بین الاقوامی قوانین کے مطابق نہیں ہے .

. .

متعلقہ خبریں