پنجاب

تحریک عدم اعتماد پر خرید و فروخت کا بازار گرم، عمران خان جرات سے مقابلہ کریں گے: شیخ رشید

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں خریدو فروخت کا بازار گرم ہے اور نوازشریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے مگر تمام اتحادی وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ہیں اور وہ جرات سے اپوزیشن کے کھیل کا مقابلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں اور تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید وفروخت جاری ہے جبکہ نوازشریف نے خرید وفروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے ، مفاد پرست ٹولے کو ڈر ہے کہ اگر کچھ نہ ہوا تو ان کی سیاسی قبر کھد جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو عمران خان کا علم نہیں، عمران خان ایسا ترپ کا پتا کھیلیں گے کہ یہ سب نیست و نابود ہوجائیں گے، خریدنے اور بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہے، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان ان کیلئے مزید چیلنجنگ ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ایک سال رہ گیا ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات کی تیاری کرنی چاہئے، لیکن ووٹ کو عزت دو کی باتیں کرنے والے اب ووٹ کو گڑھے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اپوزیشن نے نام لے کر اداروں کو گالیاں دیں، آپ ہر اس گھر میں خیرات مانگنے جارہے ہیں جو آپ کے دل میں کھٹکتا ہے، امید ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان رابطے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان چوچا نہیں اور وہ 25 سال سے اس کھیل میں ہے، عمران خان کو سیاسی مشورہ ہے کہ جہانگیر ترین سے بات کریں۔ 14,14 سال مردے اکھاڑنے والے آپس میں مل سکتے ہیں تو جہانگیر ترین اور عمران خان تو دوست ہیں، وہ کیوں نہیں مل سکتے۔

متعلقہ خبریں