اوگرا نے گیس کی اوسط قیمت میں 16.37فیصد تک اضافےکی منظوری دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے ایک تحفہ، اوگرا نے گیس کی اوسط قیمت میں 16.37فیصد تک اضافےکی منظوری دے دی . تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی اوسط قیمت میں 16.37فیصد تک اضافےکی منظوری دےدی .

اوگرا کے مطابق سوئی ناردرن کے لیے گیس قیمت میں 94روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے اور گیس کی اوسط قیمت 670 روپے37 پیسے کرنے کی منظوری دے دی ہے .
اوگرا کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کیلئےگیس کی اوسط قیمت میں 6.32 فیصد اضافے کی جبکہ 50روپے فی ایم ایم بی ٹی یواضافےکی منظوری دی گئی ہے . اوگرا کے مطابق سوئی سدرن کیلئےگیس کی اوسط قیمت829 روپے48پیسےفی ایم ایم بی ٹی یوکرنےکی منظوری بھی دی ہے . اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس کی اوسط قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2021 سے وزارت توانائی سے منظوری کے بعد ہو گا .
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے کمی کا اعلان کیا جبکہ بجلی بھی فی یونٹ پانچ روپے سستی کرنے کا بھی اعلان کیا تھا . پیر کی شب قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ تک پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مزید مہنگی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا . وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب بھی کم ہیں اور اگر حکومت سبسڈی نہ دے تو پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 220 روپے فی لیٹر تک ہو جائے گی .
اس موقع پر عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یوکرین اور روس تنازعے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ابھی نیچے نہیں آئیں گی جبکہ گیس کی قیمت بھی اوپر چلی جائے گی . انھوں نے کہا کہ ’آج میں قوم کو خوشخبری دے رہا ہوں کہ قیمتیں مزید بڑھانے کے بجائے ہماری حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر دس دس روپے کمی کا فیصلہ کیا ہے . ‘وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بجلی بھی فی یونٹ پانچ روپے سستی کر رہے ہیں اور دوسری جگہوں سے سبسڈی کم کر کے اس شعبے میں قوم کو ریلیف دے رہے ہیں . وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا بلکہ اس میں بتدریج کمی کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں