پہلے بیٹی اور پھر والد کی موت کے باوجود بھارتی کرکٹر نے میچ کھیلا

بروڈا (قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بروڈا سے تعلق رکھنے والے بیٹر ویشنو سولنکی پہلے نومولود بیٹی اور پھر 2 ہفتے بعد باپ کی موت کی افسوسناک خبر سننے کے بعد بھی میدان میں رہے . ویشنو بھارت کی فرسٹ کلاس ڈومیسٹک کرکٹ لیگ رانجی ٹرافی کھیل رہے تھے کہ 11 فروری کو انہیں اطلاع ملی کہ ان کی اہلیہ نے ایک بچی کو جنم دیا ہے جس پر ان سمیت بروڈا کے پورے سکواڈ نے خوشیاں منائیں تاہم 12 فروری کو ٹیم کے منیجر نے ویشنو کو آدھی رات کو نیند سے بیدار کیا اور خبر دی کہ ان کی بیٹی اس دنیا میں نہیں رہی جس کے بعد کرکٹر فوری طور پر اپنا سامان باندھ کر گھر کے لیے روانہ ہوگئے .


ویشنو بروڈا کے پہلے لیگ میچ میں موجود نہیں تھے تاہم وہ 17 فروری کو واپس لوٹے اور انہوں نے سنچری سکور کی لیکن کسی قسم کی سلیبریشن نہیں کی جس کی وجہ ان کی بیٹی کی موت تھی .

بعدازاں 20 فروری کو انہیں ایک اور دل دہلا دینے والی خبر دی گئی کہ ان کے والد کا انتقال ہوگیا ہے، اسی دن ویشنو کا میچ تھا جسے وہ چھوڑ کر نہیں جاسکے . ویشنو نے ویڈیو کال پر ڈریسنگ روم کے ایک کونے میں بیٹھ کر والد کی آخری رسومات ادا ہوتے دیکھیں اور میچ کے بعد گھر والوں سے رابطہ کیا .

خیال رہے کہ رانجی ٹروفی میں بروڈا کی ٹیم کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ویشنو سولنکی 131 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم 400 رنز کے قریب پہنچ گئی .

. .

متعلقہ خبریں