دعا ہے عمران نیازی پیٹرول اور بجلی کے پیکیج پر یوٹرن نہ لے لیں: شہباز شریف

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری دعا ہے عمران نیازی پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اپنے پیکیج پر یوٹرن نہ لے لیں، ڈوبتی سیاست بچانے کیلئے معاشی، قومی اور عوامی مفادات کو بلی چڑھایا جا رہا ہے .
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) اور عوام دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے عوام اور عوام کو خوش کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو چکر دیا جارہا ہے، دعا ہے کہ عمران نیازی پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اپنے پیکیج پرآنے والے دنوں میں یوٹرن نہ لیں .


ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے تو پھر مہنگائی میں کمی کیوں نہیں ہوئی؟ یکم جولائی سے سوئی ناردرن کے لئے 94 اور سوئی سدرن کیلئے 50 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کا امکان حکومتی پیکیج کے کھوکھلے پن کا ثبوت ہے، ایل پی جی کی قیمت میں پہلے ہی 27 روپے فی کلو اضافہ اور گھریلو سلنڈر 319 روپے مہنگا ہو چکا جس کا مطلب غریبوں سے ریلیف چھیننا ہے .
شہباز شریف نے کہا کہ بینکوں کو آئل درآمد کرنے والی کمپنیوں کو ایل سی کھولنے میں ہچکچاہٹ سے ملک میں تیل کا بحران پیدا ہوسکتا ہے، ملک میں ڈیزل کے بحران کا خدشہ تشویشناک ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے 2.90 روپے فی یونٹ اضافہ نام نہاد ریلیف واپس لینے کے مترادف ہے، بجٹ تک پیٹرول اور بجلی کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرکے پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ 43 ماہ میں غیرملکی قرض 47.55 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا جس نے معیشت اور معاشی ماہرین کو ہلا کر رکھ دیا ہے، حکومت ہر ماہ بیرون ملک سے ایک ارب ڈالر قرض لے رہی ہے، مہنگائی 24 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، کھانے پینے کی اشیاءکی مہنگائی شہروں میں 14.3 اور دیہات میں 14.6 فیصد ہونا عوام پر ظلم کی مثالیں ہیں .

. .

متعلقہ خبریں