نذیر چوہان چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

(قدرت روزنامہ) مشیر وزیر اعظم برائے احتساب شہزاد اکبر کیخلاف اشتعال انگیز بیان اور سائبر کرائم کا معاملہ، تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کی ضلع کچہری میں پیشی، عدالت نے نذیر چوہان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا . تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کو سخت سیکیورٹی میں ضلع کچہری میں پیش کیا، ایف ائی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت سے نذیر چوہان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی اور موقف اختیار کیا کہ نذیر چوہان کا موبائل فون اور واٹس ایپ ڈیوائس حاصل کرنی ہے .

نذیر چوہان کے وکیل نے کہا کہ نذیر چوہان نے شہزاد اکبر سے متعلق ایک نجی ٹی وی چینل کو بیان دیا تھا، موبائل فون اور واٹس ایپ پر کوئی پروپیگنڈہ نہیں کیا اس لئے کسی قسم کی ریکوری نہیں کی جانی چاہیئے اور نہ ہی جسمانی ریمانڈ دیا جائے . عدالت نے ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور قراردیا کہ تفتیشی افسر نے جسمانی ریمانڈ مانگا . نذیر چوہان کا فیس بک اکاؤنٹ پہلے ہی ریکور کیا جا چکا ہے، مقدمہ میں ایک دفعہ کے علاوہ ساری دفعات قابل ضمانت ہیں، جسمانی ریمانڈ کی استدعا حق بجانب نہیں ہے . عدالت نے نذیر چوہان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا . نذیر چوہان کیخلاف مشیر وزیر اعظم برائے احتساب شہزاد اکبر کے عقیدہ سے متعلق اشتعال انگیز بیان دینے پر مقدمہ بنایا گیا، نذیر چوہان کو اب 14 اگست کو دوبارہ جیل سے عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس دوران وہ ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست بھی دائر کر سکتے ہیں . . .

متعلقہ خبریں