عالیہ کو سین سمجھانے کیلئے جو کیا اس کا اداکارہ کو آج تک علم ہی نہیں، سنجے لیلا بھنسالی

(قدرت روزنامہ)بھارتی ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے کہا ہے کہ انہیں اپنے اداکاروں کو زیادہ تفصیلی ہدایت دینا پسند نہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے تخیل کو خود تلاش کرسکیں اور ایسا ہی کچھ عالیہ بھٹ کے ساتھ کیا جس کا انہیں آج تک علم نہیں .  

سنجے نے اپنی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی کے 30 سیکنڈز کے دورانیے کے ایک منظر کی بات کی جس میں گنگوبائی (عالیہ) کو ٹیلی فون پر اپنی والدہ سے بات کرنی تھی اور ٹیلی فون آپریٹر پر شدید غصہ کرنا تھا .

 

اس سین پر ہدایتکار نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران یہ وہ لمحہ تھا جس نے مجھے اس بات پر مکمل اعتماد دلایا کہ عالیہ بھٹ کو اس کردار کے لیے چن لینا ایک درست فیصلہ تھا .  

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے عالیہ کے ساتھ اس سین سے متعلق صرف بات چیت کی تھی اور انہیں اس کے حوالے سے باقاعدہ ہدایات نہیں دی تھیں .

سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ اس کا آئیڈیا یہ تھا کہ ایک 16 سالہ لڑکی برائی کی دنیا میں گِھر گئی، وہ اس گندی دنیا کی دریافت کرتی ہے، اٹھتی ہے اور کہتی ہے کہ ’نہیں میرے پاس آواز ہے، میرے پاس میرے حقوق ہیں . ‘ میں وہ جذبہ آنکھوں میں دیکھنا چاہتا تھا اور یہ لڑکی (عالیہ) ایسی آنکھیں رکھتی ہے .  

اس سین کی تیاری سے متعلق سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا تھا کہ عالیہ بھٹ میرے سامنے بیٹھی ہوئی تھی اور میں سین کا ماحول بنانا چاہتا تھا، اس دوران میں نے دیکھا کہ اسٹاف کے کچھ لوگ ہنس رہے ہیں اور میں نے یہ تصور کرلیا کہ وہ مجھ پر ہنس رہے ہیں ایسے میں میں ان پر چلانا شروع ہوگیا، یہ دیکھ کر سیٹ پر موجود تمام اداکار خاموش ہوگئے .

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ سب عالیہ کو دکھانا چاہتا تھا، جب وہ سین کے لیے سیٹ پر آئے تو اس میں ٹیلی فون پر بات کرنے کے دوران وہی غصہ ہو .  

ہدایتکار کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی عالیہ بھٹ کو اس کے حوالے سے نہیں بتایا اور اسے آج تک یہ نہیں معلوم کہ یہ سب کچھ میں نے اسے اس ماحول میں لے جانے کے لیے کیا تھا .  

انہوں نے بتایا کہ وہ اداکاروں کو براہِ راست ہدایت نہیں دیتے ہیں کیونکہ ایسا کرنے سے ان اداکاروں کی سوچ محدود ہوجاتی ہے .  

خیال رہے کہ 25 فروری کو ریلیز ہونے والی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی اب تک 57 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے، جس میں عالیہ بھٹ نے گنگوبائی کا مرکزی کردار نبھایا تھا .

. .

متعلقہ خبریں