وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے . وزیراعظم عمران خان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے .

وزیراعظم عمران خان نے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایات جاری کی ہیں . خیال رہے کہ آج پشاور کے مصروف قصہ خوانی بازار کی جامعہ مسجد میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں .
دھماکے میں 30 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ 50 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں . ریسکیو ذرائع کے مطابق متعدد شہداء کی لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال میں لائی گئی ہیں . ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 50 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جن میں سے دس افراد کی حالت تشویشناک ہے . زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں .

اب سے کچھ دیر قبل ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک دس زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور بیشتر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جس کے باعث خدشہ ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے .

ایس پی سی ٹی کے مطابق دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی . واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے . دھماکے کے فوری بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ تنگ گلیوں کے باعث زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے . اس حوالے سے عینی شاہدین کے بیانات بھی سامنے آرہے ہیں . عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نماز جمعہ کے دوران ہوا . دھماکے کی آواز بہت زوردار تھی . دھماکے کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے . دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی . پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا . دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا

. .

متعلقہ خبریں