دہشت گردی، انتہا پسندی کیخلاف قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہا پسندی کیخلاف قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے . مسجد میں دہشت گردی واقعہ پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پشاور مسجد میں معصوم نمازیوں پر حملہ نہایت ہی قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے .


احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہا پسندی کیخلاف قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، یہ کس کا اسلام ہے جو عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی اجازت دیتا ہے ؟


مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو مسجد ہی نہیں تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کا تحفظ فراہم کرنے کی تعلیم دی ہے . واضح رہے کہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 50 افراد شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں .
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا مسجد کے اندر نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی .
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے . اس کے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کارروائی شروع کردی ہیں، ریسکیو 1122 کی 15 ایمبولینسز موقعے پر پہنچ گئیں . ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 کے قریب زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر رہے ہیں .
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی توعیت کا تعین کیا جا رہا ہے . لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے . ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بیشتر شدید زخمی ہیں، زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ اضافی طبی عملے کو بلایا گیا ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی، بعد ازاں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا .

. .

متعلقہ خبریں