طلباء پر تشدد و مقدمات مزید نفرتوں اور محرومیوں میں اضافہ کریں گے، شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی ویمن سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے پشاور کے قصہ خوانی بازار دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور اسلام آباد میں پرامن احتجاج میں شریک طلباپرطاقت کے استعمال اور ان کیخلاف سنگین مقدمات کے اندرج کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سیکورٹی ادارے اپنی طاقت سیاسی کارکنوں وطلباکو زیر کرنے کی بجائے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی روک تھام کیلئے بروئے کار لائیں . اپنے بیان میں رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز دہشتگردی کے واقعات میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے .

انہوں نے کہا کہ خطے کے موجودہ حالات اور تھریٹس کے باوجود پشاور قصہ خوانی بازار دھماکے میں 50سے زائد افراد کی شہادت قیام امن کے ذمہ داروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بدقسمتی سے بلوچستان اور کے پی کے میں سیکورٹی ادارے اپنے وسائل اور توانائی امن قائم کرنے کی بجائے سیاسی کارکنوں کا راستہ روکنے کیلئے بروئے کار لارہے ہیں بلوچستان سے ایک ماہ کے دوران نہ صرف متعدد طلباکو لاپتہ کیا گیا ہے بلکہ وہ طلباجنہوں نے انتہائی کسمپرسی اور بے سروسامانی میں اعلی تعلیم کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کی ہے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے گزشتہ روز اسلام آباد پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاج پر بیٹھے طلباپر سنگین مقدمات کا اندرج طلباکے گرد مزید گھیرا تنگ کرنے کی ناکام کوشش ہے ایسے غیر سنجیدہ رویوں سے نفرتوں اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہوگا . انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی طلباکے پرامن احتجاج کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے ہر فورم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کسی کو بلوچستان کے طلباکو حراساں کرنے اور ان کے آئینی اور جمہوری احتجاج میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے . انہوں نے قصہ خوانی بازار دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں