(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی جس میں انہیں سیکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی گئی .
وفاقی وزیر داخلہ کی وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں ملک میں امن و امان اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا .
پشاور میں قصہ خوانی بازار کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم کو پشاور میں ہونے والے دھماکے سے متعلق بریفنگ دی .
وفاقی وزیر داخلہ نے 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو فراہم کی گئی سیکیورٹی پر بھی وزیراعظم عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی .
خیال رہے پشاور کے علاقے قصہ خوانی میں کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 56 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں .
دھماکے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پشاور دھماکے کے حوالے سے کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا ، پشاور دھماکا سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے .
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 سال بعد راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے . اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی سکیورٹی وجوہات کی بناء پر پاکستان میں موجود ہونے کے باوجود اپنا دورہ اچانک ملتوی کردیا تھا اور پھر انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا .
. .