فرحت اللہ بابر نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کی سیکشن 20 کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

(قدرت روزنامہ)سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کی سیکشن 20 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کو سماعت کریں گے .

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس کی سیکشن 20 اظہار رائے کی آزادی اور معلومات تک رسائی کے حق کی خلاف ورزی ہے، مجرمانہ ہتک عزت کا استعمال سیاسی اختلاف رائے اور میڈیا کی آزادی کو مجروح کرنے کے لیے کیا جاتا ہے .

درخواست میں کہا گیا کہ سیکشن 20 کے اختیارات آمرانہ ہیں جن کی جمہوری معاشرے میں کوئی جگہ نہیں، پیکا ترمیمی آرڈیننس پر عدالت پہلے ہی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر چکی ہے .

درخواست گزار نے کہا کہ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ یہ ترمیمی آرڈیننس بادی النظر میں غیر آئینی ہے، حکم امتناع کی متفرق درخواست میں آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے .

سیکریٹری قانون، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیئرمین پی ٹی اے اور ڈی جی ایف آئی اے کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں