کورونا ویکسی نیشن مہم میں اہم سنگ میل عبور 10کروڑ افراد کی ویکسی نیشن مکمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) کورونا ویکسی نیشن مہم میں اہم سنگ میل عبور ،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 10کروڑ افراد کو کورونا کی مکمل ویکسین لگا دی . تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے دس کروڑ افراد کو مکمل ویکسین لگانے کا اہم سنگ میل عبور کرلیا .

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ویکسی نیشن مہم میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے، وفاقی وزیر اسد عمر نے ویکسی نیشن کے حوالے ٹوئٹ میں خوشخبری سنا دی .
اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 100 ملین پاکستانی اب مکمل طور پر ویکسین لگوا چکے ہیں . وفاقی وزیر نے بتایا کہ 127 ملین سے زیادہ لوگوں نے کم از کم ایک خوراک حاصل کی، تمام شہریوں کی ویکسی نیشن حاصل کرنے کے ہدف کے قریب ہیں .

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ، ایک روز میں تقریبا 800 کے قریب کیسز سامنے آئے .

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وبا کے تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا سے مزید 10 مریض جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 30ہزار258 ہوگئی ہے . این سی اوسی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 37ہزار785 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں مزید 796 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 2.10 فیصد رہی .
نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے 842مریض انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 13 ہزار 503 تک پہنچ گئی ہے . اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 69 ہزار 637، پنجاب میں 5 لاکھ 02 ہزار 455 ، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 16 ہزار812 اور بلوچستان میں 35 ہزار 363 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 583 ، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 559 اور آزاد کشمیر میں 43 ہزار 094 کیسز سامنے آچکے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں