پی آئی اے چین کے مزید 2 شہروں کے لیے پروازیں چلائے گی

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اب چین کے مزید 2 شہروں کے لیے پروازیں چلائے گی کیوں کہ چین نے پاکستان کی قومی ایئر لائن کو گوانگ ژو اور ژیان کے لیے مزید دو آپریٹنگ لائسنس جاری کردیے . اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا ہے ، جس کے بعد اب گوانگ ژو اور ژیان کے لیے بھی قومی ایئرلائن کی جانب سے پروازوں کا شیڈول بنانیا جائے گا ، اس ضمن میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر قادر بخش سانگی نے بتایا ہے کہ چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے پاکستان کی قومی ایئر لائن کو چین کے مزید 2 شہروں کے درمیان فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے لائسنس جاری کردیا ہے ، اس کے علاوہ پی آئی اے نے چینگڈو اسٹیشن کے آپریٹنگ لائسنس کے حصول کے لیے بھی درخواست دی ہے اور امید ہے اگلے ماہ اس کی منظوری مل جائے گی جب کہ اس سے قبل پی آئی اے کے پاس صرف چینی دارالحکومت بیجنگ کے لیے ہی آپریٹنگ لائسنس تھا .

علاوہ ازیں پی آئی اے نے باکو کے لیے بھی براہ راست پروازوں کا اعلان کیا ہے ، باکو کو سیاحتی مقام کے طور پر اعلیٰ درجہ حاصل ہے ، قومی ائرلائن کی مدد سے مسافر اب آسانی سے کراچی اور لاہور سے براہ راست باکو تک پی آئی کی پرواز سے سفر کر سکیں گے کیوں کہ کراچی اور لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت اور تجارتی مرکز باکو کے لیے پروازیں چلانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پی آئی اے باکو کے لیے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلائے گی .
پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ ایک پرواز کراچی سے اور دوسری لاہور سے چلائی جائے گی ، اس ضمن میں پی آئی اے کی پہلی بروز بدھ 16 مارچ 2022ء کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے روانہ ہو گی جب کہ دوسری علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے 19 مارچ 2022 کو روانہ ہو گی ، یہ پروازیں باکو میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ دونوں ممالک کے شہریوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کریں گی .
سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے پروازوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر پی آئی اے حکام کو مبارکباد پیش کی ، سی ای او ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں مزید مقامات کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، ائیر لائن کی مارکیٹنگ اور دیگر شعبوں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی .

. .

متعلقہ خبریں