بلاول بھٹو نے عمران خان کو 24 گھنٹے میں استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم دیدیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو 24 گھنٹے میں استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم دے دیا . نجی ٹی وی جیو کے مطابق گجرات میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان آپ کے ووٹوں کی وجہ سے نہیں امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں، وہ اتنے خوفزدہ ہیں کہ اب وہ گالی دینے پر اتر آئے ہیں .

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں ہمت ہے تو 24 گھنٹے میں اسمبلی توڑیں اور نئے الیکشن میں ہمارا مقابلہ کریں . اس سے قبل وزیرآباد میں گفتگو کرتے

ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان جتنے خوف زدہ ہوں گے ان کا لہجہ اتنا ہی تلخ ہوگا، پیپلزپارٹی کا ہدف وزیراعظم کو ہٹانا اور شفاف الیکشن کرانا ہے . انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مارچ کی کامیابی یہ ہے کہ مارچ سے قبل ہی تمام اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد پر یکجا ہیں . دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی صنفی مساوات کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور اس نے خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیئے ہیں . بلاول ہائوس میڈیا سیل سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے رواں سال 2022 کی تھیم، آج صنفی مساوات، پائیدار مستقبل کے لیے کی بھی توثیق کی ہے . چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان تھا، جس نے پوری مسلم دنیا میں پہلی بار کسی خاتون شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو وزیر اعظم منتخب کیا . پاکستان پیپلز پارٹی نے فخر کے ساتھ ملک کی اعلی عدالتوں میں خواتین کو جج مقرر کیا، جبکہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب کرایا . شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں فرسٹ ویمن بینک قائم کیا، خواتین کے لیے علیحدہ پولیس اسٹیشن بنائے، لیڈی ہیلتھ ورکرز کا نیٹ ورک تشکیل دیا، اور بے زمین خواتین کسانوں کو زمین کا مالک بنایا . انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین دوست قانون سازی کی ذمیداری کا بیڑہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی نے اٹھایا، جس کی جانب سے متعارف کردہ خواتین دوست قانونسازی میں کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کی روکتھام کے متعلق قانون بھی شامل ہے . بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیئے یہ بھی باعثِ فخر ہے کہ اس کی خواتین ونگ ملک میں سب سے زیادہ متحرک تنظیمی نیٹ ورک اور یونین کونسل کی سطح تک موجود ہے، جو خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانے کے متعلق پارٹی کے عزم کا آئینہ دار ہے . سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے خواتین کو معاشی طور بااختیار بنانے کے لیے ایک منفرد پروگرام شروع کر رکھا ہے، جس سے تقریبا 10 لاکھ خواتین مستفید ہوچکی ہیں . انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کا آغاز صدر آصف علی زرداری نے سال 2008ع میں کیا تھا، جس کا حدف ملک کی لاکھوں غریب خواتین کو نقد امدادی رقم کی فراہمی تھا . بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک ایسا پروگرا ہے، جسے عالمی سطح پر بہت سراہا جاتا ہے . چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیے خواتین کو ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی آزادی اور بااختیار بنانے کے لیے کاوشیں جاری رکھے گی .

. .

متعلقہ خبریں