لاہور(قدرت روزنامہ) بچپن سے ہی بصارت سے محروم لاہور کی سعدیہ نے اپنی معذوری کو مجبوری نہ بننے دیا اور محنت کے بل بوتے پر پہلی بلائنڈ وائس پرنسپل بن گئی . تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور کی رہائشی سعدیہ کا جو بچپن میں ہی اپنی بصارت سے محروم ہوگئیں لیکن ان کی آنکھوں نے روشن مستقبل کے خواب دیکھنا نہ چھوڑے اور قوت ارادی کی بدولت نہ صرف ماسٹرز میں گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ کالج کی پہلی بلائنڈ پرنسپل ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا .
سعدیہ بٹ جو ماسٹرز میں گولڈ میڈلسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ بھی لے چکی ہیں اب گورنمنٹ اسپیشل کالج کی پہلی بلائنڈ وائس پرنسپل کے فرائض انجام دے رہی ہیں . ان کا یہ سفر اتنا آسان نہیں رہا اس سفر کے دوران انہیں اپنے اور پرایوں کے حوصلہ شکن رویے برداشت کرنے پڑے لیکن پہاڑ جیسے بلند حوصلے کی مالک نے ہار نہ مانی اور ان کے رویوں کو نظر انداز کرکے اپنا سفر کامیابی سے جاری رکھا .
اس حوالے سے سعدیہ بٹ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ میری معذوری سے میرے والدین پریشان رہتے تھے اور پھر معاشرہ بھی تھا جو عجیب نظروں سے دیکھتا اور حوصلہ شکن باتیں کرتا تھا کہ یہ بے چاری ہے تو میں سوچتی تھی کہ ان کی یہ منفی سوچ کیسے بدلی جائے . انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی معذوری کو اپنے پختہ عزائم کے سامنے دیوار نہیں بننے دیا اور میں کالج کیڈر میں پہلی لڑکی ہوں جو وائس پرنسپل کے عہدے پر پہنچی ہے . سعدیہ نے بتایا کہ معاشرے کے ان ہی حوصلہ شکن رویوں کی بدولت میرے اندر یہ جذبہ پیدا ہوا کہ میں نے کچھ کرکے دکھانا ہے میں نے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دینا بلکہ سوچا کہ اب معاشرے میں کچھ ایسا مقام بنانا ہے کہ لوگ مجھے میرے نام سے جانیں کہ ہاں یہ سعدیہ ہے .
. .