اپوزیشن کا چیئرمین سینیٹ کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف پیش کردہ تحریکِ عدم اعتماد میں مسلسل جانبداری دکھا رہے ہیں۔
اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ امید تھی کہ صادق سنجرانی کم از کم اس موقع پر غیر جانبداری دکھائیں گے۔اپوزیشن ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کی اکثریت اب اپوزیشن کا ساتھ دینے کو تیار ہے۔
بلوچستان میں جے یو آئی، بی این پی مینگل، اے این پی اور یار محمد رند مل کر حکومت بنائیں گے۔پی ڈی ایم کے ذرائع کے مطابق بی اے پی کے اراکینِ بلوچستان اسمبلی کی بڑی تعداد ساتھ دینے کا یقین دلا چکی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم کے اپوزیشن کا ساتھ دینے کے اعلان کے ساتھ ہی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد آ جائے گی۔دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ مؤخر کر دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پر بلوچستان عوامی پارٹی نے فیصلہ قومی اسمبلی اجلاس سے مشروط کر دیا۔بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق پارٹی میں مزید مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔