اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال کیلئے کپاس کی فی من قیمت مقرر کردی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال کیلئے کپاس کی فی من قیمت مقرر کردی ہے، کپاس کی کم ازکم 5700 روپے فی من قیمت مقرر کی گئی ہے، کسانوں کو کپاس کی فصل میں اچھا منافع ملے گا . ہم نیوز کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا .

اجلاس میں مختلف نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی .
اعلامیہ اجلاس میں کہا گیا کہ اجلاس میں 8.2 ارب کے رمضان ریلیف پیکج کی منظور دے دی گئی ہے . رمضان پیکج 2 کروڑ افراد کی بجائے ملک بھر کے عوام کیلئے دستیاب ہوگا . ایل این جی ٹو پائپ لائن منصوبے کیلئے 21 ارب کی بینک گارنٹی کی منظوری دی گئی ہے . جھل مگسی فیلڈ سے ایس ایس جی سی ایل کو 15 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی دوبارہ فراہمی کی منظوری دی گئی ہے .
ماڑی گیس فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی ہے . ای سی سی نے کپاس کی 2022-23 کی فصل کیلئے کم ازکم 5700 روپے من قیمت مقرر کردی گئی ہے . اسی طرح اجلاس میں پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کیلئے 200 ملین کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے . پاک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کیلئے 3.50 ارب کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے .
یہ سپلیمنٹری گرانٹ کی رقم 31 مارچ تک کیلئے فراہم کی جائے گی . یاد رہے اس سے قبل سات مارچ کو وفاقی حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، رمضان میں 19 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں رمضان ریلیف پیکیج کیلئے 8.28 ارب کی خطیر رقم منظور کی گئی تھی .

. .

متعلقہ خبریں