‘اپوزیشن خود سیاست سے مائنس ہونے والی ہے، حکومت کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا’ عثمان بزدار
لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے، سیاست سے خود مائنس ہونے والی ہے، حکومت کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا۔ ارکان پارلیمنٹ کو جو عزت دی، ماضی میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک ناکام بنانے کے لئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعلی سے 5 روز میں 155 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار سے ترین گروپ، علیم گروپ، ہم خیال گروپ کے پارلیمنٹرینز نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی بھی وزیراعلی عثمان بزدار سے ملے، خواتین ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور اقلیتی پارلیمنٹریز نے بھی وزیراعلی عثمان بزدار سے ملاقاتیں کیں جس کے دوران وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کیا، ارکان پارلیمنٹ نے تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ پی ڈی ایم کی لانگ مارچ کی کال کو کوئی ذی شعور سپورٹ نہیں کرتا۔عثمان بزدار نے کہاکہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو 5 برس کا مینڈیٹ دیا ہے۔ لانگ مارچ کرنے والوں کے غیر جمہوری عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔