حکومت عدم اعتماد پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے، ہیومن رائٹس واچ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے حکومت پاکستان سے اہم طالبہ کر دیا . تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ' نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے .


عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی ایشیاءکے لیے ایسویسی ایٹ ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ممکنہ طور پر تشدد پر مبنی تصادم کے لیے اسٹیج تیار ہوگیا ہے .

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے . بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جمہوری عمل کو سبوتاژ نہ کریں ،حکومت اور اپوزیشن اپنے حامیوں سے کہیں کہ اشتعال یا کسی مجرمانہ اقدامات سے ووٹ کو مجروح نہ کریں .

اس سے قبل مسلم لیگ (ق) کے رہنما وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت ارکان قومی اسمبلی کو آج بھی دھمکیاں دے رہی ہے مگر ارکان اسمبلی کو اس طرح ووٹ دینے سے روکا نہیں جا سکتا . واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی . اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں سینیٹر فیصل جاوید نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے 28 مارچ کی تاریخ کی تصدیق کی تھی .
تاہم بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انشااللہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آزادی چوک اسلام آباد میں 27 مارچ بروز اتوار کو ہوگا . اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے . ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جب کہ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا .
ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے . ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے،ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے .

. .

متعلقہ خبریں