ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ بدترین گراوٹ کا شکار رہا

کراچی (قدرت روزنامہ) ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ بدترین گراوٹ کا شکار رہا جس کی وجہ سے ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ،یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے . حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سامنے آتے ہی پاکستانی روپیہ ڈالر کے سامنے اپنی قدر کھوتا جا رہا ہے .


فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.60روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 179روپے سے بڑھ کر180.50روپے اور قیمت فروخت179.10روپے سے بڑھ کر180.70روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں1.50روپے کے نمایاں اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 179روپے سے بڑھ کر180.50روپے اور قیمت فروخت179.50روپے سے بڑھ کر181روپے ہو گئی .

فاریکس رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں بالترتیب 4روپے اور5.50روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے بعد یورو کی قیمت خرید194روپے سے بڑھ کر198روپے اور قیمت فروخت196روپے سے بڑھ کر200روپے ہو گئی اسی طرح برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 231روپے سے بڑھ کر236روپے اور قیمت فروخت233روپے سے بڑھ کر238.50روپے پر جا پہنچی . فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ یورو کی قدر میں50پیسے اور برطانوی پونڈ کی قدر میں1روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں