لاہور ٹیسٹ کا پہلا دن ‘ میچ میں کھانے کا وقفہ ؛ آسٹریلیا نے 2 وکٹوں پر 70رنز بنا لیے

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان اور اسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے ، جہاں کھانے کے وقفے پر مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 70رنز بنا لیے ، عثمان خواجہ 31 اور اسٹیو اسمتھ 28 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں . لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں کینگروز نے ٹاس جیت کر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ان کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 8 رنز پر ہی گر گئی تھیں ، جب اوپنر ڈیوڈ وارنر 7 رنز اور اس کے بعد مارنس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ، یہ تیسرا موقع ہے جب آسٹریلوی کھلاڑی مارنس لبوشین ٹیسٹ کیریئر میں پاکستان کے خلاف صفر آؤٹ ہوئے .

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا اور کراچی میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا جب کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اسی پلیئنگ الیون کو برقرار رکھا تاہم پاکستان کی طرف سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے .
سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فواد عالم، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی اور نسیم شاہ شامل ہیں جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پلیئنگ الیون میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنوس لیبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور مچل سوئپسن کو جگہ دی ہے .

. .

متعلقہ خبریں