پیکاآرڈیننس کیخلاف درخواست، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری جواب دائرکرنے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ نے پیکا آرڈیننس کے خلاف درخواست کی سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری جواب دائر کرنے کی ہدایت کردی . بلوچستان ہائیکورٹ میں پیکا آرڈی نینس کے خلاف دائر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی .


چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی جبکہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید اور بلوچستان بار کونسل کے راحب بلیدی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے .
سماعت کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کی جانب سے جواب دائر نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب آپ کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں؟
چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ کچھ ہونے کا یا آرڈیننس لیپس ہونے کا انتظار کررہے ہیں . ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پیکا آرڈیننس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی کیس زیر سماعت ہے . چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اپنا، ہم اپنا کیس چلائیں گے . جب تک سپریم کورٹ کیسز کو یکجا کرکے ہمیں ہدایت نہیں دیتی ہم کیس کی سماعت کریں گے .
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری جواب دائر کرنے کی ہدایت کردی . عدالت نے پیکا آرڈیننس کے حوالے سے بلوچستان ہائیکورٹ بار کے فریق بننے کی درخواست بھی منظور کرلی اور دونوں آئینی درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی .

. .

متعلقہ خبریں