منحرف حکومتی ارکان کی تعداد حکومتی گنتی سے کہیں زیادہ ہے، سینئر صحافی حامد میر کے تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئر تجزیہ کار اور جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کا کہنا ہے کہ حکومت تو دعویٰ کر رہی ہے کہ منحرف ارکان واپس آ رہے ہیں لیکن منحرف ارکان کی تعداد حکومتی گنتی سے کہیں زیادہ ہے . نجی ٹی وی جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر کا کہنا تھا کہ پچھلے دو تین روز میں عمران خان کے منحرف ارکان سے ملاقاتیں ہوئیں ، وہ 12، 13 نہیں بلکہ ان کی تعداد کافی زیادہ ہے .

انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ممبر اور ان کے شوہر رات

گئے بات کر رہے تھے کہ آپ لوگوں کو عمران خان کا امر بالمعروف والا کلب نہیں چلانا چاہیے تھا، کیا آپ لوگوں کو نہیں پتا کہ عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں . منحرف ممبران نے کہا کہ ایک طرف عمران خان عوام میں کہہ رہے ہیں کہ یہ نیکی اور بدی کی جنگ ہے اور دوسری طرف ہمارے پاس لوگ بھی بھیج رہے ہیں، عمران خان جلسوں میں یہ بھی کہتے ہیں کہ واپس آ جاؤ تمھیں کچھ نہیں کہا جائے گا، اگر ہم غلط ہیں تو پھر ہمیں بلا کر کون سی نیکی اور بدی کی جنگ لڑ رہے ہیں . پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری دعویٰ کرتے ہیں کہ منحرف 6 سے 7 اراکین واپس آ چکے ہیں تو کیا آپ کو نہیں معلوم کہ ہم کہاں ہیں اور ہماری تعداد کتنی ہے، فواد چوہدری ٹی وی پر جھوٹ بولتے ہیں تو کیا یہ نیکی اور بدی کی جنگ ہے . سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا لیکن اب اپوزیشن بھی کہ رہی ہے کہ ہم عمران خان کو این آر او نہیں دیں گے . قبل ازیں نجی ٹی وی پروگرام میں سینئر اینکر پرسن و تجزیہ کار حامد میر نے چودھری نثار علی خان اور وزیراعظم کے مابین ملاقات سے متعلق کہاہے کہ چودھری نثار نے عمران خان سے ماضی قریب میں ملاقات کی تردید کی تھی یہ ملاقات کچھ عرصہ قبل نہیں بلکہ ساڑھے تین سال قبل ہوئی تھی . سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اس ملاقات کا تذکرہ بے معنی ہے کیونکہ چوہدری نثار علی خان اس وقت ایم این اے نہیں ہیں ، عمران خان نے یہ بات پتہ نہیں کیوں کی . دوسری جانب سینئر سیاستدان اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی وزیر اعظم عمران خان سے بنی گالہ میں خفیہ ملاقات کے حوالے ے خبروں کی تردید کر دی گئی . تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قریبی ذرائع نے سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر خبروں اور تجزیہ میں دی جانے والی ان خبروں کی تردید کر دی جن میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چوہدر ی نثار علی خان کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے . قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ ان دنوں اپنے حلقے میں اپنے حامیوں سے ملاقات کررہے ہیں ان کی نہ تو بنی گالا میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی ایسا پروگرام ہے ، اس حوالے سے سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر چلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ، ایسی خبریں جاری کر نے سے پہلے تصدیق کر لی جانی چاہئے . قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیرداخلہ دو تین روز قبل ہی سوشل میڈیا پر جعلی اکائونٹ بنا کر مختلف شخصیات کے حوالے سے ان سے منسوب بعض باتوں کی کھل کر تردید چکے ہیں اور قانونی ماہرین سے مشورہ کیا ہے ، اس ضمن میں ایف آئی اے سے ایسے جعلی اکائونٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جائیگی . واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر یہ خبریں دی جارہی تھیں کہ چوہدری نثار علی خان کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے تحریک میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم نے انہیں عثمان بزدار کی جگہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں