اہلیہ نے بھیجا ہو گا، سراج الحق کا وزیراعظم کے خط پر دلچسپ تبصرہ

سوات (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے جلسے میں جو خط ہلا کر دکھایا ہے یہ خط کسی اور نے نہیں بلکہ ان کی ناراض اہلیہ نے بھیجا ہے . جنگ اخبار کے مطابق مینگوہ جلسہ سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کو کوئی اور خط نہیں بھیجتا بلکہ ان سے صرف ان کی اہلیہ ناراض ہیں جنہوں نے خط بھیجا ہو گا .


علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو کہتا ہوں کہ قوم کو مزید انتشار کا شکار نہ کریں . پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ نئے انتخابات کی جانب جائیں . اپوزیشن رہنمائوں کو بتا دیا کہ ہم ان کا حصہ نہیں، پی ٹی آئی کو بھی کہا ہے کہ جماعت اسلامی آپ کے ساتھ نہیں . آزمائے ہوئے مسترد لوگوں کے ساتھ نہیں چل سکتے .
ہمارا مقابلہ گالم گلوچ بریگیڈ سے ہے .

جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے سیاست کر رہی ہے، ہم اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں . اسلام آباد میں حکومتی خرچے پر اتوار کو مایوسی کی شام منائی گئی . تکبر اور غرور ہار گئے،وزیراعظم میں سیاسی سوجھ بوجھ ہے تو 31مارچ سے پہلے استعفا دے کر گھر چلے جائیں . وقت آگیا ہے کہ وزیراعظم بھی کہنے والے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا .
پی ٹی آئی ناکامیوں اور نامرادیوں کی داستان ہے، حکومتی پارٹی نے ملک کو مزید اندھیروں میں دھکیلا . قوم حکمرانوں کے لیے جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں کر رہی ہے . اسلام آباد میں دن کو دنگل کھیلنے والے رات کو اکٹھے ہو جاتے ہیں . حکمران اشرافیہ برسہابرس سے قوم کو بے وقوف بنا رہا ہے . وقت آ گیا ہے کہ ظالموں سے جان چھڑائی جائے اور اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جائے . قوم سے کہتا ہوں کہ جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دے . ہمارا عزم ہے کہ ملک کو کرپشن اور بددیانتی سے پاک کریں گے . پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام رائج کیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں